ریاست مدینہ کیلیے قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھنا ہوگا

راولپنڈی: چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع نہ کردیا جائے۔

راولپنڈی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ریاست مدینہ کے خواب کو عملی شکل دینے کے لیے سب سے پہلے خود کو ٹھیک کرنا ضروری ہے، ریاست مدینہ اس وقت بن سکتی ہے جب ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کیا جائے، یہ کام صرف حکومت کا نہیں ہے سب کو مل کر اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   مسلم لیگ ن نے منی بجٹ مسترد کر دیا

چیرمین نیب نے کہا کہ بنیادی بات قانون کی حکمرانی ہے، جب کوئی قانون کی بالادستی کے لیے قدم اٹھتا ہے تو اسے تلخ حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہمارے ملک میں قوانین کی کوئی کمی نہیں اگر کمی ہے تو صرف اورصرف اس پر عملدرآمد کروانے کی، ہم چہرے کو نہیں صرف کیس کو دیکھتے ہیں، نیب انسان دوست ادارہ ہے ہمیشہ لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھا ہے ایسا نہیں ہےکہ نیب کا نام لے کر مائیں اپنے بچوں کو ڈرائیں۔

یہ بھی پڑھیں:   نجی ٹور آپریٹرز کا سرکاری سے سستا حج پیکج دینے کا فیصلہ

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف پہلی اینٹ ضرور رکھ دی ہے تاکہ عمارت تعمیر کی جاسکے، کرپشن کا خاتمہ ہماری پہلی ترجیح اور آخری منزل ہے، جب تک سب مل کر کام نہیں کریں گے تو بدعنوانی کا خاتمہ نہیں ہوسکے گا اس لیے سب سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور خوداحتسابی کےعمل سے خودکو گزاریں ، اس روش کو اپنانے سے ہی کرپشن کو رفتہ رفتہ ختم کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   انڈونیشیا، ہولناک زلزلے میں 162 افراد جاں بحق اور 350 زخمی

جاوید اقبال نے مزید کہا کہ بطور چیئرمین ہر وہ قدم اٹھایا جو ادارے کی بہتری کے لیے تھا ملک سے بہترین افراد کا انتخاب کیا اور ان کی خدمات حاصل کیں،نیب میں کسی قسم کی سفارش نہیں ہوتی صرف اور صرف میرٹ کو برقرار رکھا جاتا ہے، اگر سفارش اور اقربا پروری کا اداروں میں خاتمہ ہوجائے تو ملک بہت جلد ترقی کرے گا۔