ٹک ٹاک پر صارفین کا ڈیٹا جمع کرکےکس ملک کو بھیجنے کا الزام لگا دیا گیا ؟

بیجنگ : چینی کمپنی بائیٹ ڈانس کی زیرملکیت ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ صارفین کا ذاتی ڈیٹا اکٹھا کرکے چین بھیج رہی ہے۔یہ الزام امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کی فیڈرل کورٹ میں دائر مقدمے میں عائد کیا گیا ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مقدمے میں چینی کمپنی پر یہ الزام بھی لگایا گیا کہ وہ صارفین کے مواد جیسے ڈرافٹ ویڈیوز کو بھی اپنے پاس محفوظ کرلیتی ہے جبکہ اس کی پرائیویسی پالیسیاں مبہم ہیں۔درخواست کے مطابق مبہم پرائیویسی پالیسیوں کے نتیجے میں یہ خدشہ ابھرتا ہے کہ ٹک ٹاک کو امریکا میں صارفین کو شناخت کرنے، پروفائل بنانے اور ٹریک کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ کمپنی کو اس مبینہ سرگرمی سے اس لیے فائدہ ہوگا کیونکہ وہ ڈیٹا کو ٹارگٹڈ اشتہارات کے لیے فروخت کرسکے گی۔

مقدمے میں مزید کہا گیا کہ ٹک ٹاک کی ہلکی پھلکی تفریح کی بھارتی قیمت ادا کرنا پڑسکتی ہے۔یہ الزامات اس وقت سامنے آئے ہیں جب امریکا میں ٹک ٹاک کے حوالے سے کافی اقدامات کیے جارہے ہیں اور امریکی حکومت پہلے ہی اس ایپ کے حوالے سے جائزہ لے رہی ہے‎ کہ یہ سیکیورٹی کے لیے خطرہ تو نہیں بن سکتی۔یہ مقدمہ کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ مسٹی ہونگ نے دائر کیا ہے۔

مقدمے کے مطابق ٹک ٹاک ویڈیوز میں اکثر لوگوں کے چہرے بہت قریب سے دکھائے جاتے ہیں، جس سے کمپنی کو اپنے صارفین کے بایومیٹرک ڈیٹا کو جمع کرنے کا موقع ملتا ہے، ایک بار جب صارف ایک ویڈیو بناکر نیکسٹ کا بٹن دباتا ہے، یہ ویڈیوز اس کے علم میں لائے بغیر متعدد ڈومین میں منتقل ہوجاتی ہے اور یہ اس وقت ہوتا ہے جب صارفین نے ویڈیو کو پوسٹ یا سیو بھی نہیں کیا ہوتا۔