لاہور ہائیکورٹ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سماعت کا اختیار نہیں، وفاق

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست پر سماعت جاری ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست پر سماعت جاری ہے۔

اس دوران وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کو اس درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے لہذا ہائیکورٹ اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرے۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی جانب سے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے غیر مشروط طور پر نکلوانے کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے حکومت کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔

شہباز شریف کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ سے نواز شریف کی ضمانت بیماری کی بنیاد پر منظور ہوچکی ہے، ضمانت منظور ہونے کے باوجود وفاقی وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل سے نہیں نکالا، نواز شریف سزا یافتہ ہونے کے باوجود بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کیساتھ پاکستان واپس آئے۔