سڈتی: آسٹریلیا کی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی ہے جس کے باعث دونوں ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ کو بڑھنے سے روکنے میں بھی ناکام رہا ہے جس کے بعد دونوں ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے علاقے میں ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے فوج کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ مورسن نے آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔