خود بخود جڑ کر مختلف شکلیں بنانے والے ٹرانسفارمر روبوٹ

بوسٹن: میسا چیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے سائنس دانوں نے پانسوں کی طرح مکعب شکل کے ایسے روبوٹ بنائے ہیں جو خود سے آگے بڑھتے ہیں، تیزی سے گھومتے ہیں اور مل جل کر اشکال مرتب کرتے ہیں۔

انہیں ایم آئی ٹی کے ماہرین نے ایک طرح سے ٹرانسفارمر روبوٹ کا نام دیا ہے۔ ننھے روبوٹ کو ایم بلاک ٹو کا نام دیا گیا ہے اور نیچے موجود ویڈیو میں ان کے حیرت انگیز کارنامے اور صلاحیتیں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔

یہ روبوٹ ایک دوسرے پر جمع ہوجاتے ہیں۔ اپنے بل پر گھومتے ہیں اور روشنی کی سمت دوڑتے بھاگتے ہیں یہاں تک کہ ایک روبوٹ ایک منٹ میں 20 ہزار مرتبہ چکر کاٹ سکتا ہے۔

پہلے سے پروگرام شدہ ہر بلاک کے لیے کمپیوٹر الگورتھم بنایا گیا ہے جس کے تحت روبوٹ ایک دوسرے سے رابطہ کرتے ہیں اور تعاون کرتے ہوئے کام کرتے ہیں۔ اس پر کام کرنے والے ماہرین میں ڈینیئل رس میں بھی شامل ہیں جو ایم آئی ٹی میں کمپیوٹر سائنس اینڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس لیبارٹری (سی ایس اے آئی ایل) کے سربراہ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ روبوٹ میں ایم کا مطلب ’مقناطیس، میجک اور موشن‘ ہے کیونکہ سارے روبوٹ مقناطیسی قوت سے چپکتے ہیں، حرکت کرتے ہیں اور ایک شاہکار بناتے ہیں۔ چونکہ اس میں متحرک حصے نظر نہیں آتے اسی لیے اسے جادوئی مکعب کہا گیا ہے۔