افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پر مشتعل ہجوم کا دھاوا

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں مشتعل ہجوم نے پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے پر پاکستان آنے کے خواہش مند مشتعل افغان شہریوں نے دھاوا بول دیا، سفارت خانے کے باہر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے صورت حال کو قابو میں کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:   بی جے پی کی ویب سائٹ ہیکنگ کے بعد بند کردی گئی

سفارت خانے پر دھاوا بولنے والے افراد جلد اور فوری ویزہ جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے، مشتعل افراد کے حملے میں سفارت خانے کی عمارت یا عملے کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ افغان سیکیورٹی فورسز نے مشتعل افراد کو منتشر کردیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے افغانستان کے حکام کو کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے جب کہ افغان حکام نے بھی ایسے واقعات کے تدارک کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   ایران میں کارگو طیارہ لینڈ نگ سے قبل ایئر پورٹ کی حدود پر بنی دیوار سے ٹکرا گیا

سفارتی ذرائع کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارت خانہ روزانہ کی بنیاد پر 2 ہزار ویزے جاری کرتا ہے جس کے لیے سفارتی عملہ دن و رات تندہی سے کام کرتا ہے اس لیے ویزہ ملنے میں تاخیر کا بہانہ بنا کر سفارت خانے میں دھاوا بولنا قابل مذمت ہے۔