سابق وزیر علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی گئی

لاہور (زرائع) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیوں کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور پنجاب کے سابق وزیر علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع کردی۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، جہاں علیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:   اگر اپوزیشن نے عمران خان کی حکومت گرا دی تو تحریک انصاف کو فائدہ ہوگا : رؤف کلاسرا

دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر کی جانب سے بتایا گیا کہ علیم خان کے خلاف تحقیقات کافی حد تک مکمل ہوچکی ہے، جلد ہی حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کردیں گے۔

اس پر علیم خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ جوڈیشل ریمانڈ کے موقع پر بھی نیب کا یہی موقف تھا آج بھی یہی موقف ہے، جس پر احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ کسی کو بھی بلاوجہ جیل میں نہیں رکھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:   ہمارے کچھ ارکان پارلیمنٹ ای سی ایل سے خوفزدہ کیوں ہیں،، عمران خان

عدالتی ریمارکس پر نیب کے وکیل وارث علی جنجوعہ نے کہا کہ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد حتمی رپورٹ اور ریفرنس دائر ہوگا۔

بعد ازاں وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر نیب کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں:   آئی ایم ایف کے پاس جاتے تو مشکلات میں اضافہ ہوتا، وزیراعظم

قبل ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع کی تھی اور انہیں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔