سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو مدت ملازمت میں توسیع دیتے ہوئے چین میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ( آن لائن ) وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کی تعیناتی کے بعد بیرون ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں میں بڑے پیمانے پر تبادلے، سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو مدت ملازمت میں توسیع دیتے ہوئے بیجنگ، چین میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔جبکہ بھارت میں معظم احمد خان کو ہائی کمشنر مقررکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کے اہم ذرائع کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کے بعد بھارت، چین، فرانس اور دیگر ممالک میں پاکستانی سفیروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چین میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد کو تبدیل کرکے سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو مدت ملازمت میں توسیع دیتے ہوئے بیجنگ میں پاکستانی سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اسی طرح ابو ظہبی ، متحدہ عرب امارات سے پاکستانی سفیر معظم احمد خان کو سہیل محمود کی جگہ بھارت میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔برسلز میں تعینات نغمانہ ہاشمی کو تبدیل کرکے پیر س فرانس میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جبکہ موجودہ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کو ڈھاکہ ، بنگلہ دیش میں ہائی کمشنر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستانی نامزد ہائی کمشنر ثقلین سیدہ کوقبول کرنے سے انکار کردیا تھا، تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ بنگلہ دیش نے ڈاکٹر محمد فیصل کا ایگرما جاری کردیا ہے۔ عرصہ دراز سے جاپان میں پاکستانی سفیر کی خالی نشست پر سپیشل سیکرٹری ایشیاء امتیاز احمد کو تعینات کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماسکو میں تعینات خلیل اللہ کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔واضع رہے کہ یہ تما م کیرئیرڈپلومیٹس ہیں ۔