افضل کوہستانی کے بھائی نے اپنے بھائی کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا

پشاور (زرائع) کوہستان ویڈیو اسکینڈل سامنے لانے والے مقتول افضل کوہستانی کے بھائی بن یاسر نے اپنے بھائی کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

پشاور پریس کلب میں افضل کوہستانی کے بھائی بن یاسر نے پریس کانفرنس میں بتایا افضل نے کئی برسوں تک فرسودہ نظام اور اس کے رواج کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے اسے قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں ہمارے 4 بھائیوں کو قتل کیا گیا، ہمارا پورا گھرانہ خوف میں رہ رہا ہے اور گزشتہ 10 برسوں میں اسی خوف کی وجہ سے 3 مرتبہ اسلام آباد جانا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ 2013 جنوری میں بن یاسر کے 3 دیگر بھائی شاہ فیصل، شیر ولی اور رفیع الدین کو ان کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا۔ بن یاسر نے مزید کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ کوہستان ویڈیو اسکینڈل کیس بہت حساس ہے اور ایک دن مجھے بھی قتل کردیا جائے گا‘ لیکن انصاف کے حصول کے لیے میں یہ جدو جہد جاری رکھوں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 6 مارچ کو سربان چوک کے انتہائی گنجان آباد علاقے میں رات 8 بجکر 10 منٹ کے قریب نامعلوم افراد نے افضل کوہستانی پر فائرنگ کردی تھی اور فرار ہوگئے تھے۔