اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)احتساب عدالت کے رجسٹرار نے جعلی اکاوٴنٹس ریفرنس پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو واپس کردیا ہے۔
نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بنک اکاوٴنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کا ریکارڈ کراچی سے اسلام آباد کی احتساب عدالت منتقل کردیا۔ نیب نے ریفرنس دائر کرنے میں اتنی عجلت کا مظاہرہ کیا کہ بے ترتیب ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔
ذرائع کے مطابق جعلی اکاوٴنٹس ریفرنس کے لیے لائے گئے ریکارڈ کی نہ صرف صفحات کی ترتیب درست نہ تھی بلکہ متعدد صفحات ہی غائب تھے۔ رجسٹرار احتساب عدالت نے جعلی اکاوٴنٹس ریفرنس پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کیس نیب کو واپس کردیا ہے اور دوبارہ مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔