بی جے پی کی ویب سائٹ ہیکنگ کے بعد بند کردی گئی

ممبئی (زرائع) بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ویب سائٹ ہیکنگ کے بعد بند کردی گئی۔آج صبح ہونے والے اس واقعے میں مبینہ طور پر ہیکرز نے بی جے پی کی ویب سائٹ پر نریندر مودی کی مضحکہ خیز تصویر لگائی اور ساتھ میں ’بوہیمین ریپسوڈی‘ کا گانا بھی لگایا۔

ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا کہ ’نریندر مودی نے عوام کو پاگل بنایا ہے اور ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہے‘۔ویب سائٹ کے ہیک ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لوگوں نے اس کے اسکرین شاٹ بھی لگائے۔ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی ویب سائٹ پر بالآخر کچھ سچ بھی آ ہی گیا۔

ایک اور بھارتی صارف راجت شری گرو نے ویب سائٹ کے ہیک ہونے کا الزام کانگریس پر لگاتے ہوئے کہا کہ ’آج بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک کی گئی ہے، کچھ دن بعد انتخابات کے وقت الیکٹرونک ووٹنگ مشین ہیک کریں گے یہ کانگریس والے‘۔انہوں نے کانگریس جماعت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سدھریں گے نہیں۔

بعد ازاں بی جے پی کی جانب سے ویب سائٹ کو بند کردیا گیا۔