بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بلا اشتعال فائرنگ ، پاک فوج کی جانب سے موثر کارروائی

راولپنڈی ،تونسہ(این این آئی) بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مختلف سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی جاتی رہی تاہم پاک فوج کی جانب سے موثر کارروائی کئی گئی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے یکم اور 2 مارچ کی درمیانی شب مختلف سیکٹرز پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیزہ پیر، جندروٹ، اور باغسر کے علاقوں میں فائرنگ ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان کاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ایل او سی پر مستعد اور الرٹ ہے۔

دریں اثنا لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان عبدالرب کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شہید حوالدار عبدالرب کی نماز جنازہ تونسہ کے گاؤں بستی نتکانی میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے افسران، شہید کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے دستے نے شہید حوالدار عبدالرب کو سلامی پیش کی جبکہ وزیراعظم عمران خان اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھول رکھے گئے۔گزشتہ روز بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے حوالدار عبد الرب اور نائیک خرم سمیت 4 افراد شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم نکیال سیکٹر پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔