سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈی پر بھاری ہتھیاروں سے لڑائی- آزاد کشمیر میں 4 شہید

سیالکوٹ(بیورورپورٹ)پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں جن میں بھاری ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق پاکستان نے ٹینکوں اور توپخانے سے بھارتی پوزیشنوں پر گولہ باری کی ہے۔ سرکاری طور پر کسی لڑائی یا جھڑپ کی تصدیق نہیں کی گئی۔

دفاعی تجزیہ کار ہونے کے دعوے دار زید حامد نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ورکنگ بائونڈری پر جھڑپ میں جہانزیب نامی پاکستانی فوجی شہید ہوگیا ہے جبکہ 24 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ دیگر غیرمصدقہ اطلاعات میں بھی بتایا گیا کہ ورکنگ باؤنڈی پر 20 بھارتی فوجی مارے گئے ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے بھارتی پوزیشنوں پر ایک اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل بھی داغا گیا۔ بھارتی تھنک ٹینک آئی ٹی سی ٹی کے ایک رکن ایف جیفری نے پاک فوج کے اے ٹی جی میزائل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ یہ واضح نہیں کہ میزائل کہاں لگا۔ اطلاعات کے مطابق کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈی پر یہ جھڑپیں شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوئیں۔

نکیال، نوشہرہ اور کوٹلی سیکٹر میں جھڑپوں کی خبریں فوراً ہی آگئیں۔ مقبوضہ کشمیر کے اخبار گریٹر کشمیر کی ویب سائیٹ کے مطابق کنٹرول لائن پر جھڑپوں میں 5 بھارتی فوجی زخمی ہوئے۔ ورکنگ بائونڈی پر لڑائی اور ٹینکوں کے استعمال کی خبریں نصف شب کے قریب پھیلیں۔ اس حوالے سے انٹرنیٹ پر دو تصاویر گردش کر رہی ہیں۔

ایک تصویر میں پاکستانی ٹینک دکھایا گیا ہے جو بظاہر بھارتی سرحد کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے جبکہ دوسری تصویر میں پاک فوج کے جوان توپخانے سے گولہ باری کر رہے ہیں۔ دونوں تصاویر کے مستند ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ تحقیق کرنے پر معلوم ہوا کہ ٹینک کی تصویر گذشتہ برس جون کی ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے اپنی طرف دیہات کو مقامی لوگوں سے دن کو ہی خالی کرا لیا اور مقامی رہائشیوں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔

شام کو لڑائی میں شدت آنے کے بعد سرحدی علاقوں میں طیاروں کی پروازوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے منگل کی شام اپنی پریس کانفرنس ختم ہی کی تھی۔

جنرل غفور نے بھارت کو خبر دار کیا تھا کہ پاکستان اب اسے سرپرائز دے گا۔ تاہم بعض اطلاعات یہ بھی ہیں کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر پہل بھارت کی جانب سے کی گئی۔ ورکنگ بائونڈری پر لڑائی کے حوالے سے دونوں طرف کی افواج نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ادھر آزاد کشمیر کے کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے 4 شہری شہید ہوگئے ہیں جن کا تعلق دو خاندانوں سے ہے۔ شہید ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔