پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں کمی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ انٹر بینک میں روپے کی قدر میں 29 پیسے اضافہ دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس 470 پوائنٹس کم ہو کر 40 ہزار 16 پوائنٹس پر بند ہوا۔

گزشتہ ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 40 ہزار 6 سو 58 پوائنٹس رہی۔ ہفتے میں 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 39 ہزار 6 سو 88 پوائنٹس رہی۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں روپے کی قدر میں 29 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 138.83 سے کم ہو کر 138.54 روپے کا ہوگیا۔

ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہوا جس کے بعد گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت 139.10 سے کم ہو کر 138.90 روپے ہوگئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جاری خسارے میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق خسارہ 1 ارب 70 کروڑ ڈالرز کمی کے بعد 8 ارب 42 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا، پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر میں 12 فیصد جبکہ برآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے موجودہ ذخائر کے حوالے سے ایک اور اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق ایک ہفتے میں بیرونی قرض و دیگر ادائیگی پر مرکزی بینک کے ذخائرمیں کمی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ کےذخائر میں 16.3 کروڑ ڈالر کمی ہوئی جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.2 کروڑ ڈالر اضافے سے 6.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، مجموعی ذخائر 10.1 کروڑ ڈالر کمی کے بعد 14 ارب 79 کروڑ ڈالر پر موجود ہیں۔