قومی سلامتی کے مشیر کے عہدے کے لیے بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کی تقرری پر غور

اسلام آباد (زرائع) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) کے عہدے کے لیے متنازع حیثیت کے حامل بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کی تقرری پر غور کیا جارہا ہے۔

گزشتہ برس انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے مشیر قومی سلامتی کا عہدہ خالی ہے۔ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-118 ننکانہ صاحب 2 سے تحریک انصاف کے رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

زرائع کی رپورٹ کے مطابق مشیر قومی سلامتی کے عہدے کی ذمہ داریوں میں پاکستان کو لاحق روایتی و غیر روایتی خطرات کا جائزہ لینا اور ان کے سدِ باب کے لیے پالیسی تجاویز مرتب کرنا اور قومی سلامتی کے امور کے لیے غیر ملکی ہم منصوبوں سے مشاورت کرنا بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ بریگیڈیئر اعجاز شاہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے قابلِ اعتماد ساتھی تصور کیے جاتے تھے جو 2004 سے 2008 تک انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے۔