سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معاشی حالت بدلے گی‘‘صادق سنجرانی

دبئی(ایجنسیاں) پاکستان مجلس شوری کے ایوان بالا [سینٹ] کے چیئرمین میر محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی خوش ہیں کہ سعودی عرب پاکستان میں اتنی بڑی سرمایا کاری کر رہا ہے اس سے نئی ملازمتوں اور ملک کے دور دراز علاقوں پسنی اور گوادر میں ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس سے پاکستان کی معاشی حالت تبدیل ہو جائے گی۔

او آئی سی کے بعد اگر کوئی اسلامی فورم بنا ہے تو وہ سعودی عرب نے اسلامی فوجی اتحاد بنایا ہے جس میں 41 ممالک شامل ہیں ہمیں اس کو سراہنا چاہیئے اس کے ذریعہ دہشت گردی کو ختم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینٹ اور پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف احمد بن سعید المالکی نے اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے حوالہ سے تصویری نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹ سعودی عرب سے اسلامی اور دیگر قوانین کے حوالہ سے سیکھنا چاہتی ہے۔ ہم مسقتبل میں اپنا وفد سعودی عر ب بھیجنے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے بھی سعودی شوریٰ کونسل کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا اسلامی ثقات اور کلچر کی حفاظت پر ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ اسلامی ثقافت اور کلچر کے تحفظ کے لیئے سعودی عرب غیر معمولی کوششیں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی شوریٰ کے چیئرمین جلد پاکستا ن آ رہے ہیں۔ ہم سعودی عرب سے سیکھیں گے اور سعودی عرب کے لوگ پاکستان کے آئین کے حوالہ سے ہم سے سیکھیں گے۔

ہم دونوں ممالک کی پارلیمنٹس کے درمیان تعلقات اور ڈپلومیسی کو فروغ دیں گے اور یہ دونوں ممالک کے لیئے بہتر ثابت ہو گا۔میر محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ میں نے دیگر سینیٹرز کے وفد کے ہمراہ اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب میں دہشت گردی کے خلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کے سینٹر کا دورہ بھی کیا تھا اور ہمیں وہاں جا کر پتہ چلا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک سینٹر بنایا گیا ہے اور اس کا صرف ہیڈ کوارٹر سعودی عرب میں ہے۔ ہمارے لیئے خوشی کی بات ہے جنرل (ر) راحیل شریف اس اتحاد کی سربراہی بھی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مظبوط ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب گوادر میں صرف ایک منصوبیمیں 15 ارب ڈالرز کی سرمایا کاری کر رہا ہے اس پر ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف احمد بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کر مزید مظبوط کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، پاکستان کے قیام کے بعد سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔