جنوبی افریقا سے پاکستانی ٹیم کی شکست،ذمہ دارکون ؟

لاہور(ماجد اسحاق سے)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاہےکہ جنوبی افریقا سے شکست کا ذمہ دار کسی ایک کو نہیں ٹھہراؤں گا کیونکہ ہم سب شکست کے ذمہ دار ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ہم نے ساڑھے چار ماہ مسلسل کرکٹ کھیلی، نوجوان کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، ہمیں ہر کنڈیشنز میں اچھا کھیلنے کی ضرورت ہے، ٹیسٹ فارمیٹ میں ابھی بہتری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکست کا ذمہ دار کسی ایک کو نہیں ٹھہراؤں گا، ہم سب شکست کے ذمہ دار ہیں، جنوبی افریقا میں کبھی کوئی ایشین ٹیم ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی، وہاں بیٹنگ کی کنڈیشنز ٹف ہوتی ہیں۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے کمبی نیشن بنارہے ہیں اور چیف سلیکٹر کے ساتھ مشاورت میں ہیں، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں مائنڈ بنائیں گے کہ کیسے ورلڈکپ میں جانا ہے، انگلینڈ کے خلاف سیریز والے پندرہ کھلاڑی ہی ورلڈکپ میں جائیں گے۔

مکی آرتھر نے مزید کہاکہ سرفراز سے جو ہوا وہ غلط تھا، اس نے معافی مانگی اور سزا بھی ہوگئی، اب آگے بڑھنا چاہیے، سرفراز کے معاملے میں پی سی بی نے میرے ساتھ مکمل مشاورت کی، سرفراز احمد کی بیٹنگ پر بہت محنت کی جارہی ہے، ان کی فارم سے پریشان نہیں ہوں، وہ باصلاحیت کرکٹر ہے، ساڑھے چار ماہ سرفراز نے اچھی کیپنگ کی۔

ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں جو ہوتا ہے وہ اندر ہی رہنا چاہیے، مجھے افسوس ہوتا ہے جب چیزیں باہر آتی ہے، میں ایک ایماندار شخص ہوں اور پروفیشنل کام کرتا ہوں، میرا کہنا بہتری کے لیے ہوتا ہے، مجھے ڈریسنگ روم کی باتیں باہر آنے سے نفرت ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد میرے کام کرنے یا نہ کرنے کا پی سی بی پر منحصر ہے لیکن مجھے پاکستان ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنا اچھا لگے گا۔