پاکستان کا عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس پیش کرنے کا اعلان

مانچسٹر(ویب ڈیسک)شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دورہ پرمانچسٹر میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشتگردکلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا، کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں ہے لہٰذا پاکستانی ٹیم کلبھوشن کیس میں 19 فروری کو شواہد پیش کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ برطانیہ کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا تھا تاہم پاکستان نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی موقف کی تائیدکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں بین الاقوامی مبصرین اورصحافیوں کوخوش آمدید کہیں گے، مسئلہ کشمیرپرسابق حکومت کارویہ معذرت خواہانہ تھا جب کہ پاکستان بھارت سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلیے ہمیشہ سے تیار ہے۔

افغان امن کے حوالے سے سوال پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل کااہم کردار ہے اور پاکستان پرامن افغانستان کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ پرامن اورترقی یافتہ افغانستان ہمارے مفاد میں ہے۔ امریکی صدر نے طالبان سے مذاکرات میں پاکستانی کردار کو سراہا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں۔

شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انتہائی قابل قدرہیں، پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ اوورسیزپاکستانیوں کیلیےسرمایہ کاری کاموقع ہے جب کہ ہماری نئی ویزہ پالیسی سے آمدورفت میں بہتری آئے گی۔