حکومت سے ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیئے ،مریم نواز

لاہور(ویب ڈیسک)نواز شریف کی جیل منتقلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ علاج کے نام پر نواز شریف کی تضحیک کی جارہی ہے ،ہم نےحکومت سے کبھی علاج کی درخواست کی ہے اور نہ ہی کریں گے لہٰذا ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے۔مریم نواز نے کہا کہ چار دن سے نواز شریف کو سروسز ہسپتال میں رکھا ہےجہاں کارڈیک یونٹ نہیں ہے، چار دن سروسز ہسپتال میں کیوں رکھا گیا؟ میڈیکل بورڈ پانچ روز کیا کرتا رہا ہے؟بار بار میڈیکل بورڈ بناکر سابق وزیر اعظم کی صحت کے معاملے پرتضحیک کی گئی،نوازشریف کو جیل سے لے کر یہ خود آئے تھے، انہیں ایک ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال لے جایا جارہا ہے، نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے، ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ چاروں بورڈز نے کہا کہ نواز شریف کو دل کے ہسپتال جانا چاہیے، ان کی صحت کے معاملے پر ابہام حکومتی کارندوں نے پیدا کی،اس شخص کی صحت سے کھلواڑ کیا جارہا ہے جو تین بار وزیراعظم رہ چکا ہے۔