جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق حکومت سے اقدامات کی تفصیلات طلب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق حکومت سے اقدامات کی تفصیلات طلب کرلیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال کیس کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا اور حکم دیا ہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ میرٹ پر تفتیش کریں اور تمام تر شواہد اکٹھے کر کے رپورٹ مرتب کریں جب کہ مقتولین کے ورثا جو شواہد دینا چاہیں جے آئی ٹی انہیں ریکارڈ پر لائے۔
لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے استفسار کیا کہ وہ جواب جمع کرائے کہ اس کی طرف سے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے؟۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی کے سربراہ کو رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی بھی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کے بھائی جلیل نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ پنجاب حکومت کی بنائی گئی جے آئی ٹی کو کالعدم قرار دیا جائے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔