”ہم ترکی کی معیشت کو تباہ کردیں گے “ ٹرمپ کی دھمکی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ترکی نے شام میں کردوں پر حملہ کیا تو ہم اس کی معیشت تباہ کردیں گے۔امریکی صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ طویل عرصے سے جس کا انتظار تھا وہ کام اب شروع ہوگیا ہے، شام سے امریکی فوج کا انخلا شروع ہوگیا ہے لیکن ساتھ ہی داعش کو مختلف اطراف سے نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔ اگر داعش نے دوبارہ سر اٹھایا تو اس پر نزدیکی امریکی بیس سے فضائی حملہ کیا جائے گا۔ اگر ترکی نے کردوں پر حملہ کیا تو ہم ترکی کی معیشت کو تباہ کردیں گے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم 20 کلومیٹر کا سیف زون قائم کر رہے ہیں اور یہ نہیں چاہتے کہ کرد فورسز ترکی کو اشتعال دلائیں۔ امریکہ کے طویل عرصے تک شام میں قیام اور داعش کے خلاف کارروائیوں کا سب سے زیادہ فائدہ روس، ایران اور شام نے اٹھایا ہے۔ ہمارے فطری دشمنوں کے ساتھ ہم نے بھی اس سے فائدہ اٹھایا ہے اسی لیے اب وقت آگیا ہے کہ کبھی نہ ختم ہونے والی جنگوں کو ختم کیا جائے اور اپنی فوج کو گھر واپس لایا جائے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو جو ان دنوں مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں ان سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ ترکی کی معیشت کو کس طرح تباہ کیا جا سکتا ہے تو انہوں نے کہا یہ تو آپ کو صدر سے پوچھنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم نے کئی جگہوں پر اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں وہ شاید اس ہی کی بات کررہے ہوں گے۔’

4 thoughts on “”ہم ترکی کی معیشت کو تباہ کردیں گے “ ٹرمپ کی دھمکی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *