دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)یمن میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کے مبصر مِشن کے ڈچ سربراہ جنرل پیٹرک کمائرٹ کی سبکدوشی کے بعد ان کی جگہ جگہ ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے جنرل مائیکل انکر لوزگارڈ کو مبصر مشن کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ نیویارک میں ‘العربیہ’ کے نامہ نگار طلال الحاج نے اپنے مراسلے میں بتایا ’’کہ یمن کے لیے مقرر کردہ مبصر مشن کے نئے سربراہ جنرل مائیکل انکر لوزگارڈ مشرق وسطیٰ کے امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ انہیں سنہ 2006ء میں عراق میں تعینات کیا گیا۔ اس کےبعد وہ سارائیوو، بوسنیا، مالی اور نیٹو تنظیم میں یورپی یونین کے مندوب کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ادھر یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب مارٹن گریفیتھس بدھ کے روز مبصر ٹیم کے سبکدوش سربراہ جنرل کمائرٹ کے ہمراہ صنعاء سے الحدیدہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ قبل ازیں گریفیتھس اور کمائرٹ کے درمیان الحدیدہ بندرگاہ کی نگرانی سادہ کپڑوں میں ملبوس حوثی باغیوں سے لے کر کوسٹ گارڈ کے حوالے کرنے پر اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل کمائرٹ حوثیوں کے معاملے میں سختی برتنے کے قائل ہیں جب کہ مارٹن گریفیتھس حوثیوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ کر رہے ہیں۔
