ساہیوال مقابلے میں ملوث 16 سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

لاہور / ساہیوال(مانیٹرنگ ڈیسک) مبینہ پولیس مقابلے میں 4 افراد کی ہلاکت میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس کے بعد ورثا نے دھرنا ختم کردیا ہے۔

ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے پوری رات دھرنے اور شدید احتجاج کے بعد تھانہ یوسف والا پولیس نے مقابلے میں ملوث محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کے خلاف دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر 16 نامعلوم اہلکاروں کے خلاف درج کی گئی ہے جنہیں گزشتہ روز ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔ مقتول خلیل کے بھائی کی مدعیت میں درج کردہ مقدمہ نمبر 33/19 میں دہشت گردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین نے ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر چاروں لاشیں رکھ کر گزشتہ شام سے لے کر آج صبح تک شدید احتجاج کرتے ہوئے لاشیں رکھ کر دھرنا دیا۔ ورثاء نے حکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی اور شدید احتجاج کیا۔ ایف آئی آر کے اندارج کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا اور لاشوں کو ایمبولینس میں منتقل کردیا گیا ہے جو لاہور روانہ ہوگئی ہیں۔ گزشتہ شب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے لواحقین سے ملاقات کرکے انہیں تسلیاں تو دی تھیں تاہم مقدمہ درج نہیں کیا گیا جس کے باعث ورثاء مطمئن نہیں ہوئے تھے۔