لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ کے جج نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف درخواست ذاتی وجوہات کی بنا پر سننے سے معذرت کی۔ رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہری غلام حسین بھٹی نے اے کے ڈوگر ایڈوکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں وفاقی حکومت،الیکشن کمیشن،اسپیکر قومی اسمبلی او نواز شریف کو فریق بنایا گیا
ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 28جولائی کو غیر قانونی طور پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کیا تھا جب کہ آئین کے آرٹیکل 95 اے کے تحت وزیراعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے سے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔درخواستگزار نے کہا کہ نواز شریف کو عوام اور اراکین قومی اسمبلی نے اپنے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب کیا۔غلام یاسین بھٹی نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے 28جولائی کے نواز شریف کی نا اہلیت سے متعلق نوٹیفیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست گزار نے مزید کہا کہ نواز شریف اس وقت بھی وزیراعظم ہیں اور کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکشن کو معطل قرار دے دیا جائے
