پشاور: وزیرعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ معافی کس سے اور کیوں مانگوں، معافی وہ مانگیں جنہوں نے عمران خان پر ہاتھ ڈالا۔
اپنے ویڈیو خطاب میں علی امین گنڈاپور نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جھوٹے بیانیے دیے گئے کہ ( جلسے میں جانے کے لیے) راستے کھلے ہوئے تھے، انہوں نے کہا کہ کم ظرفوں سے امید نہیں لگاسکتے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری جمہوریت پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں، کرسی کے لیے ہر حد تک جاسکتے ہیں، نواز شریف نے قوم کا پیشہ لوٹا، شہاز شریف بوٹ پالش کرتے ہیں چیری بلاسم ہیں جبکہ مریم نواز نے بھی ڈکٹیٹر کے گملے میں پرورش پائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران قوم کو تاریکی میں دھکیل رہے ہیں، عمران خان کی قید کو 414 روز ہوگئے ہیں، قوم غلام نہیں ہے اور نہ غلامی برداشت کرے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عدلیہ نے خط لکھا ہے کہ ہم پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، فارم 47 کی غیر آئینی ترمیم کو نہ مانتے ہیں اور نہ فارم 47 کی عدالت کو مانتے ہیں، عمران خان کی رہائی تب ہوگی جب عدلیہ آزاد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ملک کی معشیت ، بجلی، گیس اور روزگار کی صورتحال بہتر تھی، عمران خان نے کہا تھا کہ خارجہ پالیسی کا فیصلہ خود کروں گا، پھر ایک سازش کے تحت حکومت کو ہٹادیا گیا۔
علی امین گنڈاپور نے مستقبل کا لائحہ عمل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو آزاد کرنا ہے، جمعہ کو پورے ملک میں پرامن احتجاج کریں گے، پھراتوار کو میانولی میں جلسہ کریں گے، پنڈی اور مختلف شہروں میں بھی جلسے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک اب رکنے والی نہیں ہے، عوام ساتھ دیں اور تحریک کے لیے ہر لمحہ تیار رہیں۔
معافی مانگنے کی شرط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ معافی کس سے اور کیوں مانگوں، معافی وہ مانگیں جنہوں نے عمران خان پر ہاتھ ڈالا، انہوں نے کہا کہ مقدمات درج کرنے ہیں تو کرلیں تگڑے بنیں، ہمارے کارکنوں پر ظلم کیا گیا ، اس کی معافی کون مانگے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم علامہ اقبال اورقائداعطم کا پاکستان بنائیں گے۔