بیروت: سربراہ حزب اللہ حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے سرخ لکیر کو پار کرکے جنگ کا اعلان کر دیا۔
لبنان میں پیجرز حملوں کی لہر کے بعد بذریعہ ویڈیو لنک پہلا عوامی خطاب کرتے ہوئے حسن نصراللہ نے کہا کہ دشمن نے ان حملوں کے ذریعے تمام حدوں، اصولوں اور سرخ لکیروں کو پار کرکے جنگ کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے پیجرز دھماکوں کو قتل عام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایک منٹ میں 4 ہزار سے زائد افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، ان دھماکوں میں کم از کم 37 افراد شہید اور تین ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔
حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہم نے ان دھماکوں کی تحقیقات کررہے ہیں، ان حملوں سے ہمیں شدید دھچکا پہنچا لیکن حزب اللہ کی مواصلاتی رابطوں کی صلاحیت برقرار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک غزہ میں جنگ بندی نہیں ہوتی اسرائیل پر حملے جاری رکھیں گے، شمالی اسرائیل کے رہائشی جو تشدد کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں انہیں واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔
حسن نصراللہ کی تقریر ٹیلی ویژن پر نشر ہونا شروع ہوئی تو اسرائیلی جیٹ طیاروں نے دارالحکومت بیروت پر نچلی پروازیں شروع کردیں۔ طیاروں کی زوردار گھن گرج سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسرائیلی جنگی طیاروں کی گھن گرج نے پورے شہر کی کھڑکیوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ شہری جہازوں کی پرواز کی جھلک دیکھنے کے لیے اپنی بالکونیوں پر آگئے اور گھروں سے باہر نکل آئے۔
سوشل میڈیا پر لبنانی شہریوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے فضا میں ڈرون بھی دیکھے۔ یہ بنیادی طور پر لبنانی شہریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے تاکہ انہیں بے چین اور خوفزدہ کیا جا سکے۔
بیروت سے باہر بھی اسرائیلی جیٹ طیاروں کے ذریعے شور کرکے شہریوں کو خوفزدہ کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔