بجلی 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) جی نے بجلی 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، جس پر اتھارٹی نے یکم فروری 2022 کو عوامی سماعت کی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق صرف فروری کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، اس سے قبل نومبر کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 30 پیسے جنوری میں چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف 1 مہینے کے لئے تھا، دسمبر کا ایف سی اے نومبر کی نسبت 1 روپے 20 پیسے فروری میں کم چارج کیا جائے گا، اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

حکومت کا سستی بجلی کے پیکج کا اعلان

اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے زیروریٹڈ صنعتوں کے لیے سستی بجلی کے پیکج کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اپنے تازہ بیان میں بتایا کہ زیرو ریٹڈ صنعتوں کے لیے بجلی ٹیرف پر اجلاس ہوا اس دوران 5زیرو ریٹڈ صنعتوں کو 7.5سینٹ فی یونٹ پر بجلی دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اگلے سال جولائی اور اگست کے لیے 7.5 سینٹ اور بعد میں9 سینٹ فی یونٹ بجلی ملے گی، اگست کے بعد بجلی کا نرخ 9 سینٹ فی یونٹ ہوگا۔ زیرو ریٹڈسیکٹر کو گیس 6.5ایم ایم بی ٹی یو میں فراہم کی جائے گا، ایکسپورٹرز کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا گیا ہے۔

ایک بیان میں مشیرتجارت رزاق داؤد نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے ملکی معیشت کی ڈاکیومینٹیشن جیسے سخت فیصلے کیے، معیشت کی بہتری میں تجارت کا اہم کردار ہے۔ ملکی برآمدات اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، ملکی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے میں ٹریڈآفیسرز کا اہم کردار ہے۔