انتخابات ملتوی کرنے کا کیس: جسٹس امین الدین کی کیس سننے سے معذرت، سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا

Supreme Court judge Justice Aminuddin Khan

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ میں شامل جسٹس امین الدین نے سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد 5 رکنی بینچ ٹوٹ گیا۔

جسٹس امین الدین نے بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں‘۔

اُن کا اشارہ گزشتہ روز ان کے اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے جاری کردہ تجویز کی جانب تھا جس میں انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری (ازخود نوٹس) کے تمام کیسز ملتوی کرنے کا کہا تھا۔

تجویز میں کہا گیا تھا کہ آئین اور رولز چیف جسٹس کو اسپیشل بینچ تشکیل دینے کی اجازت نہیں دیتے، آرٹیکل 184 (3) کے تحت دائر درخواستوں کے حوالے سے رولز موجود ہیں، سوموٹو مقدمات مقرر کرنے اور بینچز کی تشکیل کے لیے رولز موجود نہیں، پیمرا کی جانب سے ججز پر تنقید پر پابندی آئین اور اسلام کے خلاف ہے۔