کالعدم تنظیم کا احتجاج روکنے کےلیے رینجرز کو گولی چلانے کا اختیار

گوجرانوالہ:کالعدم تحریک لبیک کا قافلہ گوجرانوالہ قیام کے بعد اب براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے،کالعدم تنظیم کا احتجاج روکنے کےلیے رینجرزکے اختیارات میں اضافہ کردیا گیا۔ جبکہ حکومت نے مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے گا۔

وزیرآباد کے علاقے میں پنجاب رینجرزکی جانب سے مظاہرین کے لیے تنبیہی بینرز بھی لگائے گئے جن پر تحریر ہے کہ اس علاقے میں امن وامان کی ذمے داری انھیں سونپی گئی ہے اورانھیں شرپسندوں پرگولی چلانے کا اختیار بھی دیا گیا ہے لہٰذا مظاہرین واپس چلے جائیں۔

پنجاب کی صوبائی حکومت کی درخواست پر رینجرز کو دو ماہ کے لیے صوبے میں تعینات کیا گیا ہے اور انھیں انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ پانچ کے تحت پولیس کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔

گذشتہ جمعے سے شروع ہونے والے اس لانگ مارچ کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔