پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی ختم کردیا گیا

باربا ڈوس: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔

بارباڈوس میں کھیلے جارہے 4 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم بلے بازوں کے میدان میں اترنے سے پہلے ہی بارش نے انٹری دے دی جس کے باعث میچ 9 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 9 اوورز میں 85 رنز بنائے۔ کپتان پولارڈ نے 22، سمنز 9، لیوس 6، کرس گیل 7، نکولس پورن 13، آندرے رسل 7، ہیٹمیر نے 5 رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 2 جب کہ محمد وسیم، محمد حفیظ اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بابراعظم کا کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے اور ویسٹ انڈیز کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، یہ سیریز ورلڈکپ سے متعلق بہت اہم ہے جب کہ کیرن پولارڈ نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔