جرمنی کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکا

برلن: جرمنی میں ایک کیمیکل سائٹ میں زوردار دھماکے کے بعد آسمان کو چھوتے ہوئے شعلے بلند ہوئے ہیں جس میں ایک شخص کے ہلاک اور 16 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہر لیورکوزن کے صنعتی ایریا میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی فیکٹریوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد خوفناک شعلوں نے تیزی سے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور صنعتی علاقے میں سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
تاحال دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم کمپنی کا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دھماکا اس مقام پر ہوا جہاں گلانے اور حل کرنے والا کیمیکل کا ذخیرہ موجود تھا۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے اور مقامی رہائشیوں کو گھروں میں رہنے اور دروازے کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 16 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے جب کہ ایک مزدور کی لاش لائی گئی ہے۔