پاکستانیوں میرے نبیﷺکی شریعت پر چلو، وزیراعظم

بھمبر: وزیر اعظم عمراں خان نے کہا ہے کہ ووٹ ڈالتے وقت لوگوں سے پوچھیں کہ کیا ان کا لیڈر سچا ہے؟ ہم نے اپنے ملک کو بھی بدلنا ہے، میرے پاکستانی بھائیو ہم نے اپنے آپ کو بدلنا ہے، میرے نبیﷺکی شریعت پر چلیں، شریعت پر چلنے سے انسان بڑآدمی بن جاتا ہے، چاہتا ہوں پوری دنیا پاکستانیوں کو عزت سے دیکھے، بھیک مانگ کر اور قرضے لے کر ملک نہیں چلایاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارت نے بہت ظلم کیا، میں بھمبر کے عوام کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، میں کشمیری عوام کی جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کورونا کے باعث دنیا کی معیشت تباہ ہوگئی ہے، جہاں احتیاط نہیں کی گئی وہاں لاکھوں افراد زندگی کی بازی ہارگئے، پاکستان پر اللہ پاک کا کرم ہے کہ ہم کو کورونا سے بچایا، لیکن کورونا وائرس ابھی پاکستان میں ختم نہیں ہوا۔ آزاد کشمیر کے عوام ماسک لازمی پہنیں، پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کی وجہ سےلاکھوں لوگ مرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے کی کوشش کررہے ہیں، دنیا میں غربت کرپشن اور لاقانونیت کی وجہ سے ہے، دنیا میں جہاں غربت ہے وہاں بھی زرداری اور نواز شریف جیسے لیڈر ہیں۔ خود کولیڈر کہنے والا شخص اداکاری کر کے باہر چلا گیا، نوازشریف کو جیسے ہی لندن کی ہوالگی ٹھیک ہو گیا، نوازشریف نے ایسا ڈرامہ کیا کہ ہماری کابینہ کی خواتین ارکان رونے لگیں۔ ن لیگ کی آدھی قیادت ملک سے باہر ہے، اگر آپ کا لیڈر ایمان دار نہیں تو پھر ملک کے وزیر بھی کرپٹ ہوں گے۔

نوازشریف کا منشی ہماری حکومت سے پہلے بھاگ گیا۔ یہ لوگ عوام کا پیسہ باہر لے گئے اور اب ان کا پوتا پولو میچ کھیل رہاہے، لندن میں پولو میچ بادشاہوں کا کھیل ہے، کوئی ان سے پوچھے کہ پوتے کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا؟ یہ عوام کا پیسہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو ملک اپنے پیروں پر نہیں کھڑے ہوتے ان کی عزت نہیں ہوتی، پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے، عدالتیں آزاد ہیں تو ان سب لوگوں کو کس سے ڈر ہے۔ مجھے مقابلہ کرنا آتا ہےاور میں عوام کی حمایت سے ان مافیاز کو شکست دے کر دکھاؤں گا۔