گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ بدانتظامی کی انتہا ہے، شہباز شریف

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے پیچھے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی دولت کمانے کی ہوس اور بدترین نااہلی ہے۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے صنعتوں اور سی این جی شعبے کو گیس کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی صنعت اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی مکمل بندش قوم کے لیے ایک اور بری خبر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی، شہبازشریف

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند مہینوں سے بجلی اور گیس کی لامتناہی لوڈ شیڈنگ کا افسوسناک سلسلہ جاری ہے،گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ بدانتظامی کی انتہا ہے، ملک میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ حالات واقعات نے پی ٹی آئی کے اس دعوے کو جھوٹ ثابت کر دیا کہ ن لیگ نے ضرورت سے زیادہ بجلی بنا دی تھی، وقت نے ثابت کیا کہ ن لیگ نے ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھائی۔

یہ بھی پڑھیں:   نیب کے خوف سے کوئی بیورو کریٹ قلم اٹھانے کو تیار نہیں:لطیف کھوسہ

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور اس کی کابینہ ہے، اس لوڈشیڈنگ کے پیچھے پی ٹی آئی کی دولت کمانے کی ہوس اور بدترین نااہلی ہے۔