انتخابی اصلاحات جمہوریت کا مستقبل ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کے خوف سے اپنی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے جب کہ امریکا کے ساتھ امن میں تو شراکت دار ہوسکتے ہیں لیکن جنگ میں نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بجٹ کی منظوری پر پارٹی اور اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کے لیے دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات جمہوریت کا مستقبل ہے، اس ملک میں 1970 کے بعد تمام انتخابات متنازع ہوئے، سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں بھی تنازعات سامنے آئے، 2013 کے الیکشن میں 4حلقے کھولنے کی درخواست دی، ڈھائی سال بعد چاروں حلقوں میں دھاندلی نکلی، اصلاحات نہیں کریں گے تو ہر الیکشن میں ایسا ہوگا۔