وزیراعظم سے چین کے وزیر قومی دفاع کی ملاقات

Spread the love

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر قومی دفاع جنرل وی فن گی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چینی وزیر قومی دفاع نے چینی صدر اور وزیراعظم کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ چین کی قیادت پاکستان سے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے قومی ترقیاتی مقاصد کیلئے چین کی طرف سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے پر چین کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امداد پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:   چینی، پیاز سمیت 22 اشیائے صرف کی قیمتیں بڑھ گئیں

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر اصولی مؤقف اور بھارت کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدام کے خلاف بھی چین کی حمایت کو سراہا۔ اس دوران وزیراعظم نے آر ایس ایس اور بے جے پی کے سنگین خطرے کو بھی اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے پاک چین اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اعتماد کی بنیاد پر ہر آزمائش میں تعاون کی شراکت میں بندھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   حکومت کا ٹرین آپریشن 10 مئی سے جزوی بحال کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی پر پوری طرح کاربند ہے، پاکستان چین کے تمام قومی ایشوز پر اس کی حمایت کرتا ہے، پاک چین تعلقات خطے اور اس کے باہر امن و استحکام کیلئے اہم ہیں۔ وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا ایک اہم منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ خطے پر سی پیک کے سماجی و اقتصادی اثرات انتہائی مفید ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:   سابق وزیراعظم ظفراللہ جمالی انتقال کرگئے

اس موقع پر چین کے وزیر قومی دفاع جنرل وی فن گی نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست، اچھا ہمسایہ اور آئرن برادر ہے۔ جنرل وی نے جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کے خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کی ضرورت پر زور دیا اور ان اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں ممالک کو اپنے مشترکہ مفادات کے تحفظ و فروغ کیلئے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔