بھارتی وزیراعظم کے پاکستان مخالف الزامات مسترد

اسلام آباد: بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے نریندر مودی کی طرف سے پاکستان مخالف الزامات پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے نگروٹہ میں مبینہ دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کے پاکستان پر جو الزامات لگائے انہیں مسترد کرتے ہیں۔ بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کسی بھی فالس فلیگ آپریشن میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ پاکستان پہلے ہی ناقابلِ تردید ڈوزیئر جاری کر چکا ہے یہ ڈوزیئر بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی کی معاونت کے شواہد پر مبنی ہے، بھارت پر ایک مرتبہ پھر واضح کیا گیا کہ وہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے دوسرے ممالک کی سرزمین کو استعمال کرنے سے باز رہے ۔