خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ میں لاکھوں افراد کی شرکت

Spread the love

لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک لاہور میں ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

خادم حسین رضوی کے صاحبزادے حافظ سعد حسین رضوی نے نمازجنازہ پڑھائی۔ جنازے میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن سمیت کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ خادم حسین رضوی کی میت کو ایمبولینس میں مسجد رحمت اللعالمین سے گریٹر اقبال پارک لایا گیا۔ نماز جنازہ کے لیے آنے والوں کو تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ گراؤنڈ سے مسلسل لبیک یارسول اللہ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   پاکستان سٹیزن پورٹل دنیا میں دوسری بہترین گورنمنٹ موبائل ایپلی کیشن قرار

تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بھی پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی پر مامور رہے اور لوگوں کو مکمل چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ کورونا خدشات کے پیش نظر نمازِ جنازہ میں شریک شہریوں نے فیس ماسک کا استعمال کیا۔ راستے میں جگہ جگہ کھڑے افراد نے علامہ خادم حسین رضوی کی میت والے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ملتان روڈ پر زیادہ تر مارکیٹیں اور دکانیں بند رکھی گئیں اور میت والا قافلہ گزرنے کے بعد روڈ پر ٹریفک بحال ہوئی اور مارکیٹیں کھولی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:   شیخ رشید کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت، نوٹس جاری

مختلف علاقوں سے آئے کارکنوں کو مولانا خادم حسین رضوی کا آخری دیدار کروایا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے تاجدارِ ختم نبوت اور لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگائے۔ مرحوم کی رہائشگاہ کے باہر سیکڑوں عقیدت مند موجود تھے۔ خادم حسین رضوی کی تدفین ان کی مسجد رحمت العالمین کے مدرسے میں کی جائے گی۔ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کے موقع پر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   بھارت کا مقبوضہ کشمیرپرغیر قانونی قبضہ ہے، وزیراعظم

علاوہ ازیں تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی شوری نے علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے حافظ سعد رضوی کو نیا امیر منتخب کرلیا ہے۔ صاحبزادہ سعد رضوی نے شرکائے جنازہ سے اسلام، پاکستان اور تحریک لبیک سے وفاداری کا حلف لیا۔ علامہ خادم رضوی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کل صبح 9 بجے جامع مسجد داتا دربار میں ہوگی۔