پاکستان اور زمبابوے سیریز کے تمام میچز دن میں کرانے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 30 اکتوبر سے شروع ہونے والی زمبابوے کے خلاف سیریز میں شامل ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کو جلد شروع کروانے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ موسم کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے دونوں ٹیموں کو کھیلنے کے مناسب مواقع دینے کی غرض سے کیا گیا۔ راولپنڈی میں شیڈول تین ون ڈے میچز دوپہر 12 بجے شروع ہوں گے جب کہ لاہور میں شیڈول 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جب کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 7،8 اور 10 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام میچوں کو جلد شروع کروانے کا فیصلہ دن میں اسموگ اور رات میں شبنم کی متوقع صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔