موٹروے پولیس ان ایکشن، خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ

راولپنڈی: گاڑی میں سوار خاتون کو ہراساں کرنے پر موٹروے پولیس نے پانچ اوباش نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

موٹروے پولیس کے انسپکٹر سجاد نے مری پولیس کو بتایا کہ ایکسپریس وے پر مری کی جانب سفر کرنیوالی خاتون نے 130 پر کال کرکے بتایاکہ اسے پانچ لڑکے ہراساں کررہے ہیں، گاڑی کا مسلسل پیچھا کررہے ہیں اور عجیب عجیب اشارے کر رہے ہیں جس پر موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان فیضان ندیم، عبداللہ، مصعب عباس، عمر اور محمد ولید کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پانچوں لڑکوں کا تعلق لاہورسے ہے جو گھومنے کیلئے مری آئے تھے، مری پولیس نے موٹروے پولیس انسپکٹر کی درخواست پر مقدمہ نمبر 485 درج کرلیا، پولیس کا کہنا تھاکہ ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائیگا۔