مائیک پومپیواسرائیل اور یو اے ای کا دورہ کریں گے

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے دورے پر کل تل ابیب پہنچیں گئے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کل سرکاری دورے پر تل ابیب پہنچیں گے جہاں سے وہ متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کا یہ اہم دورے کو مشرق وسطیٰ میں نئی سیاسی پیشرفت کا باعث بننے والے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاہدے کے بعد تل ابیب کا دورہ کرنے والے وزیر خارجہ مائیک پومپیو امریکا کے پہلے سرکاری عہدیدار ہوں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے ایجنڈے پر مشرق وسطیٰ میں ایران اور چین کی جانب سے مبینہ مداخلت اور سیکیورٹی خدشات بھی شامل ہیں۔

اسرائیل سے امن معاہدے طے پانے اور سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے متحدہ عرب امارات کو اسلامی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا اور سعودی عرب نے فلسطین کی آزادی تک اسرائیل سے تعلقات بحال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔