کورونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہی کا ذمہ دار چین ہے، صدر ٹرمپ

واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں برس کے آخر تک امریکا کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کر لے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اس سال کے آخر تک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کر لے گا۔ صدر ٹرمپ کا یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں انہوں نے خود ویکسین کی تیاری کے لیے فنڈز کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

صدر ڈو نلڈ ٹرمپ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایک محتاط اندازے کے تحت کورونا وائرس وبا میں ایک لاکھ سے زائد امریکیوں کی جانیں چلی جائیں گی۔ قبل ازیں امریکی صدر نے اس حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ اس مہلک وائرس سے امریکا میں 60 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔

امریکی صدر نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا الزام ایک مرتبہ پھر چین پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں پھیلنے اور اس کی وجہ سے عالمی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار چین ہے۔ اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ چین نے انہیں الیکشن ہروانے کے لیے کورونا وائرس پھیلایا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 70 ہزار کے قریب جا پہنچی ہے جب کہ سوا لاکھ سے زائد امریکی اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں