کورونا کے مریضوں کی تعداد 20 ہزار 884 ہوگئی، 476 جاں بحق

اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 20 ہزار 884 تک جا پہنچی جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 476 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9522 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ایک ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 20 ہزار 884 ہوگئی۔ ان مریضوں میں سے مجموعی طور پر اب تک 5 ہزار 635 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ 7646 جب کہ سندھ میں 7882 مریض ہیں۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں 3288، گلگت میں 364، بلوچستان میں 1218، اسلام آباد میں 415 جب کہ آزاد کشمیر میں 71 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کا شکار مزید 24 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 476 ہوگئی ہے۔ سندھ میں 138، پنجاب میں 124، خیبر پختونخوا میں 180، اسلام آباد 4، بلوچستان 21 اورگلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا قابو میں ہے جلد ہی اس پر مکمل قابو پالیں گے۔ کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت کو بہت نقصان ہوا، حکومت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی جائے گی۔

بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے401 مسافروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، یہ مسافر 15پروازوں کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی چیز میں شفافیت نہیں، لگتا ہے کہ سارے کام کاغذوں میں ہی ہورہے ہیں۔

ملک بھر میں نادرا دفاتر آج سے شہریوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ دفاترصبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔

سندھ حکومت کی ہدایات پر شہر قائد میں زمینوں کی دستاویزات کی رجسٹریشن اور تصدیق کیلیے سب رجسٹرار آفس کھل گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تفصیل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں