پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی تعداد 495 ہوگئی

اسلام آباد: بلوچستان میں 11 اور کراچی میں کورونا وائرس کے 3 مزید کیسز کی تصدیق. جس کے بعد ملک میں متاثرین کی تعدا 495 تک پہنچ گئی ہے۔ بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک صوبے میں 993 افراد کی اسکریننگ ہوچکی ہے اور مزید 11 متاثرین کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 92 ہوچکی ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کے مزید تین متاثرین کی تصدیق کی ہے جس کے بعد شہر میں وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 101 اور صوبے میں 252 ہوگئی ہے۔ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 14 افراد متاثر ہوئے۔ شہر کے مجموعی متاثرین میں سے 60 افراد کو رابطوں کے زریعے کورونا وائرس لاحق ہوا جب کہ دیگر متاثرین بیرون ملک سفر کرچکے تھے۔

اس سے قبل جمعے کے روز وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سندھ میں کورونا وائرس کی پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والا کورونا وائرس میں مبتلا مریض دم توڑ گیا ہے، نجی اسپتال میں زیر علاج 77 سالہ شخص کینسر کے مرض میں مبتلا تھا، جاں بحق شخص کو ڈائبیٹیز اور ہائیپرٹینشن بھی تھا جب کہ مریض کی کوئی سفری تفصیلات نہیں ہیں۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 252 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ، پنجاب میں 96، بلوچستان میں 92، اسلام آباد میں 10، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 22 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

راولپنڈی میں کورونا وائرس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آگیا، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کیس کی تصدیق کردی اور کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 96 تک پہنچ چکی ہے، پنجاب حکومت ان حالات میں انتھک کوششیں کررہی ہے اور تمام مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ اب تک لاہور میں 14 اور گجرات میں 4 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ایران سے آنے والے 71 زائرین بھی متاثر ہیں جو ڈی جی خان اور ملتان میں موجود ہیں۔

محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا کے مطابق کرم ایجنسی میں 5، ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان سے 3، 3 جب کہ لوئر دیر، مالاکنڈ ، پشاور اور ہری پور سے ایک ایک مریض میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ تمام متاثرہ افراد کو ڈیرہ اسماعیل خان کے درہ زندہ آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے، محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ان کے پتے پر صوبائی حکومت کی جانب سے فوڈ پیکیج بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیس اہلکار کوارٹائن کرنے والے مقامات پر عوام کو بے جا ہراساں نہ کریں۔ جس کے بعد خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے خدشات پیش نظر خیبر پختون خوا میں انسداد پولیو مہم موخر کردی گئی۔ انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 13 لاکھ 24ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر تھا۔