جیت کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل سے باہر

Spread the love

کراچی: دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پی ایس ایل فائیو میں سفر اختتام پذیر ہوگیا، گلیڈی ایٹرز سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اپنا آخری میچ کھیل رہی ہے، کوئٹہ کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے 150 رنز سے فتح درکار تھی یا پھر ہدف 3 اوورز میں حاصل کرنا تھا۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے 3 اوورز میں ایک وکٹ پر 23 رنز بنائے۔

مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنے کی صورت میں کوئٹہ کی ٹیم کا سفر اختتام کو پہنچا اور وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

گلیڈی ایٹرز کے باہر ہونے کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں فائنل فور میں پہنچ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   پاک بھارت کشیدگی: پی ایس ایل کے میچز منسوخ کرانے کی سازش ناکام

ملتان سلطانز کا پشاور زلمی کےدرمیان پہلاسیمی فائنل ہوگا جب کہ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان 17 مارچ کو ہوگا۔ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

کراچی: پی ایس ایل فائیو کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 30 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 151 کا ہدف دیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پچھلے دو میچوں میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شرجیل خان کو پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے افتخار احمد بھی 21 رنز ہی بناسکے۔

یہ بھی پڑھیں:   پی ایس ایل 5 کا اصل شیڈول بحال

کپتان بابراعظم نے کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ خود 32 رنز بنانے کے بعد پویلن واپس لوٹ گئے جس کے بعد چاڈوک والٹن نے ڈیلپورٹ کا ساتھ دیا اور ذمہ داری سے اسکورکو آگے بڑھایا۔ ڈیلپورٹ نے 37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔

والٹن 20 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ ڈیلپورٹ 44 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جب کہ فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں:   ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

جوابی بیٹنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر محض 16.2 اوورز میں ہی مقررہ ہدف حاصل کرلیا اور 154 رنز اسکور کیے۔

میچ کی اوپننگ احمد شہزاد اور شین واٹسن نے کی۔ احمد شہزاد کوئی رن نہ بناسکے اور پویلین لوٹ گئے جب کہ شین واٹسن اور خرم منظور نے دھواں دھار اننگ کھیل کر میچ کوئٹہ کی فتح میں کردار ادا کیا۔

شین واٹسن نے 34 گیندوں پر 66 رنز اور خرم منظور نے 40 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے، سرفراز احمد نے دو رنز بنائے اور بین کٹنگ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اعظم خان 12 رنز اور محمد نواز 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کے بالرز وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو دو جب کہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔