کروناوائرس کا ٹیلی ویژن پر انٹرویو

قاہرہ: مصر میں ایک نجی ٹیلی ویژن نے ’’کروناوائرس‘‘ کو انٹرویو کے لیے بلا لیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم شخص کروناوائرس کا روپ دھار کر مقامی ٹی وی کو انٹرویو دینے پہنچ گیا جس پر سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید بھی کررہے ہیں۔ ’’جابر القرموتی‘‘ نے اپنے پروگرام میں ایک ایسے شخص کو انٹرویو کے لیے بلایا جس نے کروناوائرس کا روپ دھار رکھا تھا اس دوران مہمان سے مہلک وائرس سے متعلق کئی سوالات پوچھے گئے۔

مذکورہ پروگرام کے ٹی پر نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑچکی ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ صحافتی اقدار کے خلاف ہے جبکہ متعدد افراد نے جان لیوا وائرس سے کھلواڑ قرار دیا۔ مہلک کروناوائرس سے دنیا بھر میں اب تک 5 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہیں۔

متعدد افراد نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں سیکڑوں لوگ مارے جارہے ہیں وہیں ایسے بھی ٹی وی شوز ہیں جہاں کروناوائرس پر مزاحیہ مواد تیار کیا جارہا ہے۔ مذکورہ ہوسٹ نے نشر ہونے والے اپنے پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتے ہوئے ایک طرح سے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جس میں ’’کروناوائرس‘‘ سے متعلق متعدد سوال پوچھے جو حقیقت پر مبنی تھے۔

https://twitter.com/DanielGHajjar/status/1238305724024926209