پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے، تعداد 18 ہوگئی

کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریض سامنے آگئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 18 جبکہ صوبے میں 15 ہوگئی ہے۔

سندھ میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایک مریض کا تعلق حیدرآباد جبکہ دوسرا مریض کراچی کا رہائشی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے متاثرہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کی تلاش جاری ہے، ان کے ٹیسٹ لئے جارہے ہیں اور سب کو قرنطینہ منتقل کیا جارہا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والا کورونا وائرس کا مریض ایران سے دبئی کے ذریعے کراچی پہنچا ہے، جبکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے مریض نے شام سے براستہ دوحہ کراچی کا سفرکیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس خطرناک وائرس کے 14 مریض زیرِعلاج ہیں جبکہ ایک مریض مکمل طورپرصحتیاب ہوکر اسپتال سے فارغ ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 5 مریض شام سے کراچی آئے تھے جب کہ 3 مریض لندن سے دبئی کے راستے کراچی پہنچے تھے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اورتمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ تفتان بارڈر پر کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ہے۔ طورخم بارڈر پر اسکریننگ کا مربوط نظام موجود ہے۔ ملک کی 8 بڑی لیبارٹریز میں تشخیص کی سہولت دستیاب ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مدد سے ڈیٹا کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔ تمام صوبوں کے ساتھ ملکر قومی ایکشن پلان پر کام کر رہے ہیں۔