(ق) لیگ کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کرلیں گے، گورنر پنجاب

لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے اور امید ہے کہ (ق) لیگ کے ساتھ تمام ایشوز کو خوش اسلوبی سے حل کرلیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی اتحادی نے نہیں کہا کہ وہ حکومت گرانا چاہتے ہیں.

چوہدری برادران کے ساتھ پرانے اور اچھے تعلقات ہیں، چوہدری پرویز الہٰی نے مثبت بات کی ہے کہ اتحاد ٹوٹنے سے ملک کو نقصان ہوگا۔ چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے ساتھ اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، پارٹی کے اندر بھی مختلف مسائل پر اختلاف ہوتا رہتا ہے.

اختلاف رائے سیاست کا حسن ہے، ابھی ملک میں جمہوری روایات کو مزید پختہ ہونا ہے، ہمارا فرض ہے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں، ہمیں آگے بڑھنا ہے، پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھنا، تمام ایشوز کو خوش اسلوبی سے حل کرلیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ معیشت درست سمت میں جارہی ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے عالمی ادارے بھی کہہ رہے ہیں معیشت مستحکم ہورہی ہے،معیشت کا سب سے بڑا چیلنج کرنٹ اکاوَنٹ خسارہ تھا، رواں سال ہماری توجہ گُڈ گورننس اور مہنگائی کے خاتمے پر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں