فیصل آباد:ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ گنے کے چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا خصوصی خیال رکھا جائے،کمشنر

ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ گنے کے چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا خصوصی خیال رکھا جائے اس ضمن میں گنے کی فروخت کے حوالے سے انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کریں کیونکہ گنے کے کاشتکاروں کو کسی قسم کے استحصال سے بچانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈویژن بھر میں شوگر ملوں کے کرشنگ سیزن کے امور کاجائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایڈیشنل کمشنر(کوآرڈینیشن) محبوب احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)فضل ربی چیمہ ودیگر افسران اجلاس میں موجود تھے جبکہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگ اور ضلع چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ودیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے شوگر ملوں کی طرف سے اب تک گنے کی خریداری اور تیارکردہ چینی کی مقدار کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ گنے کے کاشتکاروں کو سی پی آر کے اجراء سے متعلق کوئی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی گنے کے کنڈوں اور گنے کی بلاجواز کٹوتی کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گنے کے منظور شدہ خریداری سنٹر پر کاشتکاروں کی سہولیات کا خیال رکھا جائے اور موقع پر قائم کئے گئے شکایت سیل کو فعال رکھیں تاکہ کاشتکاروں کی کسی بھی مشکل یا دقت کا فوری ازالہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت،خوراک،زرعی مارکیٹنگ کے افسران کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز کو کرشنگ سیزن کی نگرانی کے لئے متحرک رکھیں جبکہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز بھی فعال رہنے چاہیں۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ شوگر ملوں کی طرف سے خریدے گئے گنے اور تیار کی جانے والی چینی کی مقدار کا روزانہ ریکارڈ حاصل کریں اور مقررہ مدت کے اندر کاشتکاروں کو ادائیگی یقینی بنائی جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں