جھنگ:قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی ولولہ انگیزقیادت اورانتھک محنت سے ہمیں ایک آزاد مملکت عطاکی،نسیم احمد زاہد

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ کمپرہینسو ماڈل سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک جنوبی میں قائداعظم ڈے کے حوالہ سے تقریبات کا انعقادکیا گیا۔ تقریب کے مہمانان خصوصی سی ای او ایجوکیشن چوہدری نسیم احمد زاہد تھے جبکہ تقریب میں مختلف محکموں کے افسران، سکول ہذا کے سٹاف اور طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تقریبات کا انعقاد حمد باری تعالی اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔سی ای او ایجوکیشن چوہدری نسیم احمد زاہد نے کہا کہ محسن پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی ولولہ انگیزقیادت اورانتھک محنت سے ہمیں ایک آزاد مملکت عطاکی جس کا پوری قوم کو اعتراف ہے انہوں نے کہاکہ اب پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ہم اپنے پیارے ملک پاکستان کی خوشحالی اورترقی کے لئے دن رات محنت کریں ۔ انہوں نے قائد کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کے روشن مستقبل اورتعمیرو ترقی کے لئے اتفاق و اتحاد سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قائد اعظم کی تمام کاوشوں اور قربانیوں کے ذکر کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ۔ بعد ازاں سکول کے طلباء و طالبات نے قائد اعظم ڈے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اورملی نغمے پیش کیئے