فیصل آباد:مذہبی وقومی تہواروں کو منانے کے سلسلے میں پاکستانی قوم کی خوشیاں سانجھی ہیں،عاصمہ اعجاز چیمہ

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہا ہے کہ مذہبی وقومی تہواروں کو منانے کے سلسلے میں پاکستانی قوم کی خوشیاں سانجھی ہیں اس سلسلے میں اقلیتی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈی سی آفس کے مسیحی سٹاف کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی میں یکساں کردار ادا کررہی ہے جن کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے مسیحی سٹاف کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرائض کی ادائیگی بھی خاموش عبادت کا درجہ رکھتی ہے لہذا وہ آئندہ بھی بھرپورعزم کے ساتھ اپنی خدمات کا معیار برقرار رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں جامع اقدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت کرسمس سستے بازاروں کے انعقاد،گرجا گروں کی سیکورٹی میں اضافہ اور صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ ان کی سہولت کے لئے تفریحی مقامات پر بھی خصوصی انتظامات ہونگے۔انہوں نے مسیحی برادری سے کہا کہ وہ احساس تحفظ کے ساتھ نظم وضبط اور ذمہ دارانہ انداز میں کرسمس کی خوشیاں منائیں۔مسیحی ملازمین نے کیک کاٹنے کی تقریب کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر محمد علی اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کرسمس قومی یکجہتی کے ساتھ امن وسلامتی کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ خوشیاں بانٹنے سے بڑھتی ہیں اس سلسلے میں ہمارا ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا ایک متحد قوم ہونے کی علامت ہے